محترمہ شاہدہ کاکڑ نے 26 اگست کے الم ناک واقعہ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چھبیس اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جس دن ایک آمر حکمران نے محب وطن عظیم رہنما شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا۔

انہوں نے کہا کہ 26 اگست 2006 وہ دن ہے جس نے مشرف کی ظالمانہ پالیسیوں کو بے نقاب کیا، اور اس دردناک واقعے نے تمام محب وطن عوام کے دلوں کو غمگین کر دیا۔ شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی ایک روشن خیال، دور اندیش اور جمہوری سیاست کے علمبردار تھے۔ انہوں نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط کرنے اور بلوچستان کے عوام کے جائز حقوق کے لیے آئینی اور جمہوری جدوجہد کی۔

شاہدہ کاکڑ نے کہا کہ نواب صاحب کا سیاسی فلسفہ ہمیں آج بھی یہ درس دیتا ہے کہ اپنے وطن، اپنی سرزمین، اور اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑا ہونا چاہیے، چاہے اس کے لیے کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔ وہ ایک مخلص، بے لوث اور باوقار رہنما تھے جو ہمیشہ بلوچستان کے عوام کی آواز بن کر رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری وطن پارٹی کا ہر کارکن بالخصوص خواتین ونگ نواب اکبر خان بگٹی شہید کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، اور ہم ان کے افکار و نظریات کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *