کوئٹہ (پریس ریلیز) – جمہوری وطن پارٹی کے زیرِ اہتمام ایک اہم اجلاس آج مرکزی سیکرٹریٹ بگٹی ہاؤس کوئٹہ میں پارٹی کے مرکزی کنونئیر جناب چوہدری نوید احمد کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ 26 اگست کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
یہ دن شہیدِ وطن نواب اکبر خان بگٹی کی جدوجہد، قربانی اور فلسفے کو یاد کرنے کا دن ہے۔ اجلاس میں تمام صوبائی، ضلعی اور مقامی سطح کے ارگنائزرز اور ڈپٹی ارگنائزرز و کارکنان کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں 26 اگست کے موقع پر پارٹی کا جھنڈا سرِ نگو کریں،سیاہ پرچم بلند کریں تقریبات کا انعقاد کریں اور عوام کو نواب اکبر خان بگٹی کے افکار و فلسفہ سے روشناس کرائیں۔
نواب اکبر خان بگٹی ایک عظیم قد آور شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی وطن کی خدمت، اپنی قوم کے حقوق، اور پاکستان کی بقا و سالمیت کے لیے وقف کی۔ وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتے تھے۔ پاکستان کی بنیاد رکھنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں ان کا کردار ہمیشہ تاریخ کا سنہری باب رہے گا۔
نواب اکبر خان بگٹی کا فلسفہ عزت، غیرت، قربانی اور قومی وقار پر مبنی تھا۔ وہ یقین رکھتے تھے کہ بلوچستان کی مٹی، اس کے وسائل اور عوام کی خدمت، پاکستان کی مضبوطی کا ذریعہ ہے۔ آج بھی ان کے افکار اور تعلیمات ہماری سیاسی جدوجہد کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
جمہوری وطن پارٹی اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ نواب اکبر خان بگٹی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ 26 اگست کو ملک بھر میں ان کی یاد میں اجتماعات منعقد ہوں گے اور ان کے افکار کو عام کرنے کے لیے بیانات، سیمینارز اور دعائیہ مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔
نواب اکبر خان بگٹی کی جدوجہد ہماری رہنمائی ہے، ان کا فلسفہ ہمارا مشعلِ راہ ہے اور ان کی قربانی ہماری قومی پہچان ہے۔






